لاہور : انگلینڈ کے نوجوان فاسٹ بولر جان ٹرنر نے 25 سال کی عمر میں تمام فارمیٹس کی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
ہیمپشائر کے ساتھ معاہدہ برقرار ہونے کے باوجود مسلسل انجری مسائل کے باعث ٹرنر نے یہ فیصلہ کیا۔ کمر کی انجری سمیت مختلف فٹنس مسائل نے ان کے کرکٹ کیریئر کو متاثر کیا، جس کے باعث وہ گزشتہ سال جون سے ایکشن سے باہر تھے۔
جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے ٹرنر نے 2024 میں انگلینڈ کی جانب سے دو ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر تین وکٹیں حاصل کیں۔
جان ٹرنر نے اپنے بیان میں کہا کہ انگلینڈ اور ہیمپشائر کی نمائندگی کرنا ان کا خواب تھا، تاہم اب وہ زندگی کے نئے مرحلے کی طرف بڑھنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے ہیمپشائر کلب کا شکریہ بھی ادا کیا جس نے ان پر اعتماد کیا۔
ہیمپشائر کے ڈائریکٹر آف کرکٹ نے ٹرنر کو باصلاحیت کھلاڑی قرار دیتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔