کراچی: محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے سرکاری سکولوں کے نئے اوقات کار جاری کر دیے ہیں۔ صوبائی محکمہ تعلیم کے اعلامیے کے مطابق پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے لیے نئے اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق 31 اکتوبر تک سنگل شفٹ پرائمری سکول صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بج کر 30 منٹ تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز سکول صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہیں گے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق 31 اکتوبر تک سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کی پہلی شفٹ صبح 7 بج کر 30 منٹ سے دوپہر 1 بج کر 30 منٹ تک ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یکم نومبر سے 31 مارچ تک سنگل شفٹ پرائمری اسکول صبح 8 بج کر 30 منٹ سے سہ پہر 3 بجے تک کھلیں گے، جبکہ پہلی شفٹ کے اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بج کر 45 منٹ تک ہوں گے۔
اسی طرح سیکنڈ شفٹ کے اسکول 31 اکتوبر تک پیر سے جمعرات دوپہر 1 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔ یکم نومبر سے 31 مارچ تک سیکنڈ شفٹ کے اوقات دوپہر پونے 1 بجے سے شام پونے 6 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز سیکنڈ شفٹ صبح پونے 11 بجے سے دوپہر سوا 2 بجے تک ہوگی۔