واشنگٹن/بیجنگ : چینی ٹیکنالوجی کمپنی بائیٹ ڈانس امریکہ میں ٹک ٹاک پر ممکنہ پابندی سے بچنے کے لیے ایک نئی ایپلیکیشن متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جو امریکی مارکیٹ کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ "دی انفارمیشن" کی رپورٹ کے مطابق، کمپنی کی جانب سے تیار کی جانے والی نئی ایپ کو عارضی طور پر "ایم 2" کا نام دیا گیا ہے، جب کہ موجودہ ایپ کو "ایم" کہا جا رہا ہے۔ یہ نیا ورژن صرف امریکی صارفین کے لیے ہوگا اور متوقع طور پر ستمبر 2025 میں لانچ کیا جائے گا۔
امریکی حکومت کی جانب سے ٹک ٹاک پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ بائیٹ ڈانس کو امریکا میں ٹک ٹاک فروخت کرنے کے لیے تیسری اور آخری مہلت دے چکی ہے، جو 17 ستمبر 2025 کو ختم ہو رہی ہے۔ اگر بائیٹ ڈانس اس ڈیڈ لائن تک امریکی یونٹ فروخت کرنے میں ناکام رہی تو ٹک ٹاک کو امریکا میں مکمل پابندی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نئی ایپ کے لانچ کے بعد تدریجی طور پر پرانی ایپ کو امریکا میں بند کر دیا جائے گا، اور مارچ 2026 تک تمام صارفین کو نئی ایپ میں منتقل کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، امریکی سرمایہ کاروں کا ایک گروپ ٹک ٹاک کے امریکی اثاثے خریدنے کے لیے بائیٹ ڈانس سے مذاکرات کر رہا ہے۔ متوقع ہے کہ نئی امریکی کمپنی میں بائیٹ ڈانس کو معمولی حصہ دیا جائے گا، تاہم حتمی معاہدے کے لیے چینی حکومت کی منظوری درکار ہوگی۔