Get Alerts

فیس بک میں پوسٹس کے ویوز دکھانے والا نیا فیچر زیرِ آزمائش

فیس بک میں پوسٹس کے ویوز دکھانے والا نیا فیچر زیرِ آزمائش

کیلیفورنیا: دنیا کے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک میں ایک نئے فیچر کی آزمائش جاری ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی پوسٹس کے ویوز کی تعداد دیکھ سکیں گے۔

میٹا کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے اس فیچر کی ابتدائی مرحلے میں محدود صارفین کے ساتھ ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے، جس کا مقصد پوسٹس کی کارکردگی جانچنے کے لیے مزید مؤثر سہولت فراہم کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پوسٹ کے ویو کاؤنٹ کو براہِ راست پوسٹ کے ساتھ ظاہر کیا جائے گا، تاہم یہ معلومات صرف اسی صارف کو نظر آئیں گی جس نے متعلقہ پوسٹ شیئر کی ہوگی۔ اس طرح صارفین کو یہ سمجھنے میں آسانی ہوگی کہ ان کے مواد کو کتنے افراد نے دیکھا۔

میٹا حالیہ عرصے میں ویو کاؤنٹس کو زیادہ اہمیت دے رہی ہے تاکہ صارفین کو یہ جاننے میں مدد مل سکے کہ کس نوعیت کا مواد زیادہ توجہ حاصل کر رہا ہے اور ناظرین کس قسم کی پوسٹس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

اس وقت فیس بک پر زیادہ تر صارفین اپنی پوسٹس کی مقبولیت کا اندازہ لائکس کی تعداد سے لگاتے ہیں، لیکن میٹا کے مطابق صرف لائکس کسی پوسٹ کی حقیقی رسائی یا صارفین کی دلچسپی کی مکمل عکاسی نہیں کرتے۔

کمپنی کی دیگر ایپس کی طرح فیس بک بھی ایسے الگورتھم پر کام کرتا ہے جو صارفین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں مختلف پوسٹس تجویز کرتا ہے۔

اسی وجہ سے اب فیس بک اور انسٹاگرام کی فیڈ میں بڑی تعداد میں ایسی پوسٹس بھی دکھائی دیتی ہیں جو نہ تو صارف کے دوستوں کی ہوتی ہیں اور نہ ہی ان اکاؤنٹس کی جنہیں وہ فالو کر رہا ہوتا ہے۔

فی الحال یہ نیا فیچر آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ اسے دنیا بھر کے تمام فیس بک صارفین کے لیے کب باقاعدہ طور پر متعارف کرایا جائے گا۔

ٹیگز: