کیلیفورنیا: انسٹا گرام نے صارفین کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر آزمانا شروع کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، اس فیچر کے تحت محدود صارفین کو اپنی پوسٹس کے کیپشن میں کلک ایبل لنکس شامل کرنے کی سہولت دی جا رہی ہے۔ فی الحال، انسٹا گرام، جو کہ میٹا کی ملکیت ہے، کیپشن میں کسی بھی لنک کو کلک ایبل بنانے کی اجازت نہیں دیتا۔
صارفین اس فیچر کے منتظر تھے تاکہ وہ انسٹا گرام سے اپنی ویب سائٹس یا بلاگز کی ٹریفک بڑھا سکیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹیسٹنگ کے دوران ہر صارف مہینے میں اپنی پوسٹس میں صرف 10 لنکس شامل کر سکتا ہے۔
میٹا کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ یہ فیچر فی الحال میٹا ویریفائیڈ سبسکرائبرز میں آزمایا جا رہا ہے۔ تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ فیچر کب تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا یا صرف ویریفائیڈ صارفین تک محدود رہے گا۔
واضح رہے کہ انسٹا گرام کے آغاز سے اب تک کیپشن میں کلک ایبل لنکس کی اجازت نہیں دی گئی، اور یہ نیا فیچر صارفین اور کاروباری شخصیات کے لیے ایک اہم اپ ڈیٹ ثابت ہو سکتا ہے۔