کیلیفورنیا: گوگل میپس روزمرہ سفر اور راستہ تلاش کرنے کے لیے دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والی نیوی گیشن سروس ہے، جس میں صارفین اپنی ضرورت کے مطابق مختلف مقامات کو محفوظ بھی کرسکتے ہیں۔
صارفین گوگل میپس پر پسندیدہ یا اہم جگہوں کو سیو کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی الگ الگ فہرستیں بھی بنا سکتے ہیں۔ محفوظ کیے گئے مقامات کی یہ فہرستیں ایپ کے ’یو‘ ٹیب میں دیکھی جاسکتی ہیں۔
تاہم اگر کسی صارف کی سیو کردہ جگہوں کی تعداد زیادہ ہو تو یہ مقامات میپ کے انٹرفیس کو کافی مصروف بنا سکتے ہیں۔ فی الحال گوگل میپس میں صارفین کو محفوظ مقامات کی فہرستیں ایک ایک کرکے چھپانے کی سہولت حاصل ہے۔
اب گوگل اس عمل کو مزید آسان بنانے پر کام کر رہا ہے۔ اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے ایک نئے بیٹا ورژن میں ایسے فیچر کی آزمائش دیکھی گئی ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی تمام محفوظ کردہ جگہوں کو بیک وقت میپ سے چھپا سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق نئے فیچر میں تمام محفوظ مقامات کو ایک ہی فہرست میں دکھایا جائے گا، جسے ’آل سیوڈ پلیسز‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس فہرست کے ساتھ ’ہائیڈ آن یور میپ‘ کا آپشن بھی دستیاب ہوگا، جو فہرست کے سامنے موجود تھری ڈاٹ مینو پر کلک کرنے کے بعد ظاہر ہوگا۔
اس آپشن کو منتخب کرنے پر صارف کو ایک تصدیقی پیغام دکھایا جائے گا، جس میں بتایا جائے گا کہ محفوظ مقامات کو میپ سے چھپانے کے بعد انہیں دوبارہ کیسے بحال کیا جاسکتا ہے۔
نیا فیچر فی الحال آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے یہ واضح نہیں کہ گوگل اسے تمام صارفین کے لیے کب متعارف کرائے گا۔