Get Alerts

ترکیہ میں عیدالاضحیٰ کے پہلے روز قربانی کے دوران 14 ہزار سے زائد افراد زخمی

ترکیہ میں عیدالاضحیٰ کے پہلے روز قربانی کے دوران 14 ہزار سے زائد افراد زخمی

انقرہ :  ترکیہ میں عید کے پہلے روز قربانی کے دوران مختلف حادثات میں 14 ہزار 372 افراد زخمی ہو ئے۔ ترک وزیر صحت کے مطابق زخمیوں کو ملک بھر کے مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انقرہ میں 1049 افراد، استنبول میں 753 اور کونیا میں 655 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر افراد غیر ماہر افراد کی جانب سے جانور ذبح کرنے کی کوشش کے دوران زخمی ہوئے۔

ترک وزیر صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قربانی کے عمل کے دوران پیشہ ور قصائیوں کی خدمات حاصل کریں تاکہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ قربانی جیسے نازک عمل میں غیر تربیت یافتہ افراد کی شرکت اکثر خطرناک ثابت ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی عیدالاضحیٰ کے موقع پر ترکیہ میں جانوروں کو ذبح کرتے وقت تقریباً 16 ہزار افراد زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد حکومتی اداروں نے عوامی آگاہی مہم چلانے کا اعلان کیا تھا۔

ترک میڈیا کے مطابق زیادہ تر زخمی افراد کو معمولی نوعیت کے زخم آئے، تاہم کئی افراد کو ہڈیوں کے فریکچر اور گہرے زخموں کے باعث اسپتال میں داخل بھی کرنا پڑا۔

ٹیگز: