امریکہ کا جنوبی کوریا میں میزائل ڈیفنس سسٹم لگانے کا آغاز

امریکہ کا جنوبی کوریا میں میزائل ڈیفنس سسٹم لگانے کا آغاز

واشنگٹن:امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جنوبی کوریا میں متنازع میزائل ڈیفنس سسٹم لگانا شروع کر دیا ہے۔ اس دفاعی نظام تھاڈ کو شمالی کوریا کی جانب سے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے لگایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ کی جانب سے اس سسٹم کو لگانے کا آغاز شمالی کوریا کی طرف سے بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میزائل فائر کرنے کے ایک دن بعد کیا جا رہا ہے۔تاہم امریکہ کے دفاعی نظام لگائے جانے پر شمالی کوریا، جنوبی کوریا اور خطے میں موجود بہت سے عناصر نالاں ہیں۔چین اس پیش رفت پر بہت برہم ہے اور وہ اسے امریکی فوج کی تجاوزات کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

جبکہ خود جنوبی کوریا میں اس کی مخالفت کرنے والے سمجھتے ہیں کہ اس سے فوجی تنصیبات کے قریب رہنے والے نشانہ بن سکتے ہیں اور ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔جنوبی کوریا کے خبر رساں ادارے یونہپ کے مطابق تھاڈ بیٹری کو نصب کرنے کا کام پیر کو شروع ہوا تھا جس کے لیے اس سسٹم کے کچھ حصے امریکہ سے سیول میں موجود امریکی فوجی اڈے پر پہنچائے گئے تھے۔

جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم رواں برس کے آخر تک کام کرنا شروع کر دے گا۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے امریکہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کو ناکام بنانا ہے ۔