طاقت کی سیاست کے خلاف چین اور بھارت کو قیادت کرنی چاہیے: چینی وزیر خارجہ

طاقت کی سیاست کے خلاف چین اور بھارت کو قیادت کرنی چاہیے: چینی وزیر خارجہ

بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ چین اور بھارت کو ایک دوسرے کی کامیابی میں شراکت دار بننا چاہیے، کیونکہ یہی دونوں ممالک کے لیے بہترین راستہ ہے۔

نیشنل پیپلز کانگریس کے 14ویں اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس میں وانگ ای نے کہا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ترقی کو تیز کریں اور ایک دوسرے سے تعاون کریں، نہ کہ مقابلہ بازی میں الجھیں۔


چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال چین اور بھارت کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور مختلف سطح پر باہمی تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدی تنازعات کو مجموعی تعلقات پر حاوی نہیں ہونے دینا چاہیے اور امن و استحکام برقرار رکھنا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔


وانگ ای نے مزید کہا کہ چین اور بھارت، گلوبل ساؤتھ کے اہم رکن ہیں اور انہیں دنیا میں طاقت کی سیاست اور تسلط پسندی کے خلاف قیادت کرنی چاہیے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر چین اور بھارت مستحکم تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔