تہران : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں تناؤ کم کرنے کے لیے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے کسی بھی پڑوسی ملک کے خلاف کوئی جارحانہ قدم یا میزائل حملہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ عبوری لیڈرشپ کونسل کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔
ایرانی صدر نے وضاحت کی کہ پڑوسیوں کے خلاف عدم جارحیت کی یہ پالیسی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ان ممالک کی سرزمین سے ایران پر کوئی حملہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا، "ہماری علاقائی ممالک کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے اور حالیہ صورتحال پر ہم پڑوسی ممالک سے معذرت خواہ ہیں۔
صدر پزشکیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ایران خطے میں امن کے لیے سنجیدہ ہے، تاہم ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کی کوششیں ان ممالک کو کرنی چاہئیں جنہوں نے اس تنازع کا آغاز کیا۔