انگلینڈ کیخلاف سیریز گھروں میں بند مایوس لوگوں کیلئے تفریح کا باعث ہوگی، مصباح الحق

انگلینڈ کیخلاف سیریز گھروں میں بند مایوس لوگوں کیلئے تفریح کا باعث ہوگی، مصباح الحق


لاہور:انگلینڈ کیخلاف رواں برس بند دروازوں کی سیریز کو گرین سگنل دیتے ہوئے قومی ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ یہ شائقین کرکٹ کا حوصلہ بڑھا سکتی ہے ۔

سماجی فاصلوں کے مسائل سے دوچار گھروں میں بند مایوس لوگوں کیلئے تفریح کا باعث بنے گی ، اگرچہ یہ آئیڈیل صورتحال نہیں لیکن کم از کم لوگوں کو میچز دیکھنے کا موقع مل جائیگا ،کورونا وائرس کے پھیلا کے بعد بیشتر ممالک کے تماشائی کھیلوں کی سرگرمیوں سے محروم ہیں، خالی میدانوں میں ہونیوالے میچوں میں کسی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے رواں برس انگلینڈکے خلاف سیریز کو بند دروازوں میں کرانیکی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صورتحال کی بہتری کے بعد سیریز کو بند دروازوں میں بھی ممکن بنایا جاتا ہے تو اس سے مایوس شائقین کرکٹ کو حوصلہ مل جائیگا جو سماجی فاصلوں کا خیال رکھتے ہوئے اپنے گھروں تک محدود ہیں۔

مصباح الحق نے اعتراف کیا کہ یہ صورتحال کسی طرح بھی آئیڈیل نہیں کیونکہ کھیل کے چاہنے والے مخصوص ماحول میں میچز دیکھنے کے عادی ہیں اور پھر یہ پہلو بھی نظر انداز نہ کیا جائے کہ کھیل کے شائقین کی میدان میں موجودگی بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے تاہم اسے دوسری نگاہ سے دیکھا جائے تو لوگ لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں میں بند اور ہر قسم کی تفریح سے محروم ہیں جن کو کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں دیکھنے کا کوئی موقع نہیں مل رہا کیونکہ سماجی فاصلوں کی پابندی کے باعث دنیا بھر میں کھیل موقوف کئے جا چکے ہیں۔

البتہ ایسی صورتحال میں اگر کرکٹ کا کسی بھی طرح آغاز ممکن ہو جائے تو پرستاروں کیلئے ٹی وی پر میچز دیکھنا ممکن ہو سکتا ہے جسکی بدولت وہ گھر بیٹھے لطف حاصل کر سکیں گے ۔