Get Alerts

بھارتی جارحیت میں 31 شہری شہید، 57 زخمی: ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارتی جارحیت میں 31 شہری شہید، 57 زخمی: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 31 افراد شہید جبکہ 57 زخمی ہو چکے ہیں۔ دشمن کا بزدلانہ حملہ قابل شدید مذمت ہے، جس میں فوج کے بجائے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، کیا معصوم بچے اور عام شہری دہشت گرد تھے جنہیں نشانہ بنایا گیا؟ دشمن اس وقت براہِ راست دہشت گردی پر اتر آیا ہے کیونکہ پاکستان نے دہشتگرد عناصر کے لیے زمین تنگ کر دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے دفاع کے حق میں صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جبکہ بھارتی بزدل دشمن نے شہری آبادی پر حملے کیے۔ پاکستانی فضائیہ نے 3 رافیل طیاروں سمیت بھارت کے 5 جنگی جہاز مار گرائے۔ اس کے علاوہ 7 ڈرونز تباہ اور 2 کو تحویل میں لیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کسی بھی حملے میں فوجی یا شہری جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ جیسے حساس مقام کو بھی نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حملے کے وقت 57 بین الاقوامی پروازیں فضاء میں موجود تھیں جنہیں بھارت نے خطرے میں ڈالا۔ بین الاقوامی قوانین، خصوصاً جنیوا کنونشن کے مطابق عوامی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد ہے، اور دشمن کے خلاف ہر سطح پر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کے خون کا ایک ایک قطرہ حساب لے گا، اور افواجِ پاکستان اپنی بہادر قوم کو سلام پیش کرتی ہیں۔

ٹیگز: