Get Alerts

پی ایس ایل10: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109رنز سے شکست دے دی

پی ایس ایل10: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109رنز سے شکست دے دی

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 26ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز سے شکست دے کر بڑا ہدف کامیابی سے دفاع کر لیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو غلط ثابت ہوا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ریلی روسوو اور حسن نواز کی زبردست سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے۔

کوئٹہ کی جانب سے اننگز کی شروعات کپتان سعود شکیل اور فن ایلن نے کی، تاہم دونوں بلے باز جلد آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ریلی روسوو اور حسن نواز نے 134 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ روسوو نے 46 گیندوں پر 104 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں 14 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ حسن نواز نے آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی پہلی پی ایس ایل سنچری مکمل کی اور 45 گیندوں پر 100 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کوئٹہ کے باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئی۔ پوری ٹیم صرف 154 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اور صرف چار بلے باز ہی دوہرے ہندسے میں داخل ہو سکے۔ کوئٹہ کے باؤلرز نے نہایت نظم و ضبط کے ساتھ باؤلنگ کی اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان ایک بار پھر انجری کے باعث میچ میں شرکت نہ کر سکے، جس کی وجہ سے سلمان علی آغا نے قیادت کی۔ انہوں نے بتایا کہ شاداب کی فٹنس پر کام جاری ہے اور امید ہے کہ وہ جلد دستیاب ہوں گے۔

اسلام آباد نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں۔ کولن منرو بیماری کے باعث دستیاب نہیں تھے جبکہ سلمان ارشاد کو ڈراپ کیا گیا۔ دوسری جانب، کوئٹہ کے کپتان سعود شکیل نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی فیلڈنگ کا انتخاب کرتے، تاہم ان کی ٹیم نے بیٹنگ وکٹ کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔

ٹیگز: