لاہور: پنجاب اسمبلی میں 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ایک قرارداد جمع کرادی گئی ہے۔ یہ قرارداد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پیش کی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان 27 ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اسے ادارہ جاتی استحکام اور شفافیت کی ضمانت قرار دیتا ہے۔ ایوان نے اس بات پر زور دیا کہ لوکل گورنمنٹ کو آئینی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ کوئی بھی نظامِ بلدیات پر شب خون نہ مار سکے۔
متن میں آئینی عدالت کے قیام کے فیصلے کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا کہ یہ ترمیم عدلیہ کی آزادی اور غیرجانبداری کو مزید تقویت دے گی۔ قرارداد میں یہ بھی تسلیم کیا گیا کہ 27 ویں ترمیم سے صوبائی خودمختاری اور وفاقی توازن مضبوط ہوگا، اور الیکشن کمیشن کو ایک خودمختار اور مؤثر ادارہ بنایا جا رہا ہے۔
قرارداد میں اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ یہ ترمیم انقلاب نہیں بلکہ ادارہ جاتی ارتقا ہے، اور وزیرِ اعظم پاکستان کو آئینی اصلاحات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ایوان نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم پاکستان کے اداروں کے استحکام کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگی۔