منیلا : فلپائن میں حالیہ سمندری طوفان کالمیگی نے وسطی علاقوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 140 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے ہیں۔ فلپائن کے شہر سیبو میں شدید سیلاب نے مکانات، گاڑیاں اور کنٹینرز بہا دیے، جس سے مکمل تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔
کالمیگی طوفان کو 2025 کا سب سے خطرناک طوفان قرار دیا جا رہا ہے، جس کی ہوائیں 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھیں۔ ان طاقتور ہواؤں نے سب کچھ تہس نہس کر دیا، اور اس کی تباہی کے باعث فلپائن کے صدر مارکوس نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، طوفان کے فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد اب ویتنام کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ ویتنام میں حکام نے حفاظتی اقدامات کے طور پر 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد فوجی اور ریسکیو اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔ ساحلی علاقوں سے شہریوں کو فوری طور پر انخلا کا حکم دے دیا گیا ہے اور ویتنام کے ہوائی اڈے اور اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
یہ طوفان نہ صرف فلپائن بلکہ پورے خطے کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکا ہے، اور حکام کی جانب سے لوگوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔