Get Alerts

27 ویں آئینی ترمیم پر مشاورت :مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا

 27 ویں آئینی ترمیم پر مشاورت :مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 ویں آئینی ترمیم اور ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کے لیے اپنی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ یہ اجلاس آج مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ہو گا، جس میں جے یو آئی کے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق، اجلاس میں 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان پارلیمنٹیرینز سے مشاورت کریں گے، جبکہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر بھی گفتگو کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کی قیادت اجلاس میں ملکی سیاست اور آئینی ترمیم پر جماعتی موقف واضح کرے گی۔

دوسری جانب، جے یو آئی نے مقامی حکومتوں کے آئینی تحفظ کے لیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی حمایت سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ایم کیو ایم نے آرٹیکل 140اے کے تحت مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دینے کے لیے جے یو آئی سے حمایت کی درخواست کی تھی، لیکن جے یو آئی نے موقف اپنایا کہ آئینی ترمیم کو 27 ویں ترمیم سے الگ کر کے لایا جائے۔ جے یو آئی کا کہنا ہے کہ اگر ایم کیو ایم الگ سے آئینی ترمیم لائے تو وہ حمایت فراہم کریں گے، تاہم وہ مقامی حکومتوں کے آئینی تحفظ کے مخالف نہیں ہیں۔

ٹیگز: