کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آرٹیکل 243 میں ترمیم کی حمایت کرے گی اور آئینی عدالتوں کے قیام کی ضرورت ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میثاق جمہوریت کے دیگر امور پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئینی عدالتوں کا قیام اہم ہے تاکہ عدالتیں آئین کے مطابق فیصلے کر سکیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ججز کی تقرری سے متعلق حکومت کی تجویز کی حمایت کرے گی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ججز کے تبادلے کا اختیار حکومت کے پاس نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق، ججز کی تقرری اور تبادلے کا اختیار جوڈیشل کمیشن کو دیا جانا چاہیے تاکہ عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری کو برقرار رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، سی ای سی کے اجلاس میں ججز کی تقرری اور تبادلے کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے ارکان کی رائے مختلف تھی۔ بعض ارکان کا کہنا تھا کہ ججز کے تبادلے کا اختیار حکومت کے ہاتھ میں نہیں ہونا چاہیے اور اس عمل کو جوڈیشل کمیشن کے سپرد کیا جانا چاہیے۔
اجلاس کے دوران پارٹی کے سینیئر اراکین نے یہ بھی کہا کہ اگر عدلیہ کمزور ہوتی ہے تو اس کا نقصان سیاستدانوں کو اٹھانا پڑے گا اور یہ ملک کی سیاست اور جمہوریت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔