اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشین بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت کمپنی کے کو فاؤنڈر اور چیئرمین تھامس ساؤ نے کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جن کے فروغ کے لیے دونوں ممالک بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز ہونے والی پاکستان ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباری تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کاروبار کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کرنے اور کاروبار میں آسانی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کونسل بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔
وزیراعظم نے گوبی پارٹنرز کی جانب سے پاکستان کے اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام پر اعتماد کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت سرمایہ کاری کی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے ذریعے اسٹارٹ اپس کی ترقی میں مدد کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام قائم کرنا ملکی ترقی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے ڈیجیٹل معیشت، خصوصاً فِن ٹیک، ای کامرس اور آئی ٹی خدمات کو قومی ترقی میں مرکزی اہمیت کا حامل قرار دیا اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ گوبی پارٹنرز کے وفد نے پاکستان میں ای کامرس اور فنانشل ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔