شکار پور: سندھ کے ضلع شکار پور میں گاؤں سلطان کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر زور دار دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے باعث چار مسافر معمولی زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، ریسکیو ٹیمیں اور ریلوے کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس جیسے ہی سلطان کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک سے گزری، ایک زور دار دھماکہ ہوا جس سے ٹرین کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کے بعد ریلوے ٹریک کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے متبادل انتظامات پر غور شروع کر دیا ہے جبکہ متاثرہ ٹریک کی مرمت کا کام جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، اور سیکیورٹی ادارے مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں۔