Get Alerts

جیکب آباد کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ، جعفر ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

 جیکب آباد کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ، جعفر ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

جیکب آباد: سلطان کوٹ اور جیکب آباد کے درمیان ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ واقعہ پیر کی صبح 10 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق دھماکہ ایک منصوبہ بند کارروائی لگتا ہے، جس کا ہدف مسافر ٹرین تھی۔ دھماکے کے باعث ٹرین کو شدید نقصان پہنچا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ریلوے حکام اور سیکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور ٹریک کی بحالی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے دھماکے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ریاست کے خلاف سنگین سازش ہے اور کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

ریلوے حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر سفر سے قبل متعلقہ اسٹیشن سے معلومات حاصل کریں۔

ٹیگز: