مستونگ : بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے سپیزنڈ میں جعفر ایکسپریس کے ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ٹرین کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ریلوے حکام کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور کی جانب رواں دواں تھی۔
خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ٹرین کو نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سپیزنڈ، جو کہ ضلع مستونگ کا ایک دور افتادہ علاقہ ہے، پہلے بھی ایسے واقعات کا نشانہ بن چکا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں جعفر ایکسپریس کو بار بار دہشت گرد حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ چند روز پہلے بھی اسی ٹریک پر بم حملہ کیا گیا تھا، اور اس سے قبل ٹرین کے پائلٹ انجن پر فائرنگ کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ جعفر ایکسپریس کو ماضی میں ایک بڑے حملے کا نشانہ بھی بنایا جا چکا ہے، جس میں دہشت گردوں نے مسافروں کو یرغمال بنایا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرایا اور حملہ آوروں کو انجام تک پہنچایا تھا۔