لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے تھنک ٹینک نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے ٹیم کے سکواڈز پر غور و خوض شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایشیا کپ میں ٹیم کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹی 20 سکواڈ میں 3 سے 4 کھلاڑیوں کو تبدیل کرنے کا امکان ہے۔
خاص طور پر ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا کی کپتانی اور بیٹنگ پرفارمنس پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے کیونکہ وہ توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔ اس کے علاوہ، ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی واپسی اور نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بابر اعظم کی ٹی 20 ٹیم میں واپسی پر بھی کچھ ارکان نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اسی طرح، ون ڈے سکواڈ میں بھی چند تبدیلیاں متوقع ہیں، تاہم ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹی 20 اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز شیڈول ہے، جس کا پہلا ٹی 20 میچ 28 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔