Get Alerts

یومِ دفاع پر پاک فضائیہ کا نیا ملی نغمہ ’’شاہین‘‘ ریلیز

یومِ دفاع پر پاک فضائیہ کا نیا ملی نغمہ ’’شاہین‘‘ ریلیز

اسلام آباد  : یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر پاک فضائیہ نے اپنے جانبازوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ’’شاہین‘‘ کے عنوان سے ایک نیا ملی نغمہ ریلیز کر دیا ہے، جو قوم میں جوش و جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ وفا، قربانی اور قومی یکجہتی کا پیغام بھی دیتا ہے۔

یہ نغمہ معروف گلوکار شجاع حیدر کی پرجوش آواز میں پیش کیا گیا ہے، جس کا آغاز "یہ غازی یہ تیرے پر اسرار بندے" جیسے روح پرور اور جذبہ بیدار کرنے والے الفاظ سے ہوتا ہے، جو سامعین کے دلوں کو گرما دیتا ہے۔

نغمے میں پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات، اور قربانیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ اس میں فضائی سرحدوں کی محافظ افواج کی لازوال بہادری کو سلام پیش کیا گیا ہے اور خون کے آخری قطرے تک وطن کی خاطر قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

’’شاہین‘‘ نہ صرف ایک نغمہ ہے بلکہ ایک جذباتی سفر ہے، جو سامعین کو وطن کے دفاع، غیرت اور وقار کی کہانی سناتا ہے۔ نغمے میں پاک فضائیہ کی تاریخ، اس کی قربانیاں، اور مادرِ وطن کے ساتھ غیر متزلزل وفاداری کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

نغمے میں بصری طور پر بھی پاک فضائیہ کے طیاروں، آپریشنز، اور شاہینوں کی پروازوں کو دلکش انداز میں پیش کیا گیا ہے، جو اس کی پروڈکشن کو مزید جاندار بناتے ہیں۔

یومِ دفاع کے موقع پر جاری کردہ یہ نغمہ نہ صرف قربانی کا استعارہ ہے بلکہ تجدیدِ عہدِ وفا کا عکاس بھی ہے، جو قوم کو یاد دلاتا ہے کہ ہمارے محافظ آسمانوں پر بھی ہر لمحہ چوکنے اور تیار ہیں۔

ٹیگز: