بشکیک : کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والے چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے رسہ کشی اور ماس ریسلنگ میں مجموعی طور پر 4 کانسی کے تمغے حاصل کر لیے۔
رسہ کشی کے 11 ایکس مقابلے میں پاکستان کے طیب رضا اعوان نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے روس، جارجیا اور برطانیہ کے کھلاڑیوں کو شکست دینے کے بعد تیسری پوزیشن کے لیے ہونے والے مقابلے میں ایران کے حریف کو بھی مات دی اور کانسی کا تمغہ پاکستان کے نام کیا۔
رسہ کشی کے 88 ایکس ٹیم ایونٹ میں بھی قومی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارت سمیت مختلف ٹیموں کے خلاف بھرپور مقابلہ کیا اور فیصلہ کن مرحلے میں ایران کو شکست دے کر ایک اور کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔
مقابلوں کے دوران پاکستانی دستے کو برطانیہ، روس، جنوبی کوریا، قازقستان، کرغزستان، برازیل اور جارجیا جیسی مضبوط ٹیموں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم قومی کھلاڑیوں نے بھرپور حوصلے اور طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی برقرار رکھی۔
ماس ریسلنگ میں بھی پاکستان کے لیے کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ 90 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عاصم نے ایران کے ریسلر کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا۔
خواتین کی 90 کلوگرام پلس کیٹیگری میں اقرا نصیب نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور تیسری پوزیشن حاصل کرکے پاکستان کے لیے چوتھا کانسی کا تمغہ یقینی بنایا۔
اس طرح ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستان نے گھڑ سواری، ماس ریسلنگ، رسہ کشی اور تیر اندازی سمیت مختلف روایتی کھیلوں میں شرکت کی اور چار تمغوں کے ساتھ ایونٹ کا اختتام کیا۔
ورلڈ نومیڈ گیمز دنیا بھر میں بالخصوص وسطی ایشیا اور خانہ بدوش اقوام کے روایتی کھیلوں اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے والا ایک اہم عالمی پلیٹ فارم ہے۔ ان مقابلوں کا آغاز 2014 میں ہوا تھا، جبکہ بشکیک میں ہونے والا ایونٹ اس سلسلے کا چھٹا ایڈیشن تھا۔
گیمز میں مختلف ممالک کے کھلاڑیوں نے روایتی کشتی، تیر اندازی، گھڑ سواری اور رسہ کشی سمیت قدیم اور مقامی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
پاکستانی دستے کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان سپورٹس بورڈ نے ٹریڈیشنل سپورٹس فیڈریشن کے تعاون سے انتظامات کیے۔
پاکستانی ایتھلیٹس کی کامیابی پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور پاکستان سپورٹس بورڈ نے کھلاڑیوں اور منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے پر ان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔