یونس خان نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

یونس خان نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

کراچی: پاکستان کے مایہ ناز بلے باز اور سابق کپتان یونس خان بھی مصباح الحق کے نقش قدم پر چل پڑے اور انٹر نیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا میں چاہتاہوں سر اٹھا کر رخصت ہوں جب بھی ضرورت پڑی میں پاکستان کے لئے حاضر رہوں گا۔ جارحانہ انداز میں مجھ سے جو غلطیاں ہوئیں ہیں انہیں نظر انداز کر دیں۔ میرے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا احترام کیا جائے۔

یونس خان نے کہا دعا ہے میری اچھی پرفارمنس سے پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتے۔ انہوں نے کہا ماضی میں اچھے کرکٹر ریٹائر ہوئے اس کے باوجود کرکٹ چلتی رہی ہے۔ ہمیشہ کوشش رہی کہ پاکستان کو نام روشن کروں۔ سرفراز احمد کے پاس بہترین موقع ہے وہ پاکستانی کرکٹ کو آگے لیکر جائیں۔ وہ پاکستان کو کامیابیاں دلا سکتیں۔ ان کا انتخاب پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے لئے اچھا ثابت ہو گا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز یونس خان کی آخری سیریز ہو گی۔

یونس خان کو ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے صرف 23 رنز درکار ہیں جبکہ وہ اپنے کریئر کے آخری تین ٹیسٹ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلیں گے۔ انہوں نے طویل دورانیے کی کرکٹ میں 34 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں اسکور کیں۔

یونس خان کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور 313 رنز ہے۔ یونس خان کو وزڈن کرکٹرز آف دی ایئر 2017 میں دنیا کے 5 بہترین کھلاڑیوں میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔ واضح رہے گزشتہ دنوں ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بھی انٹر نیشنل کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں