اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خلیجی تنازعے میں ہونے والی حالیہ جنگ بندی کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے کے استحکام کے لیے ایک ناگزیر اور بروقت قدم قرار دیا ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، صدر زرداری نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ پائیدار امن کی راہ پر گامزن رہیں اور ان عناصر سے سخت ہوشیار رہیں جو امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا ہی واحد راستہ ہے۔
صدر مملکت نے پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان نے ہمیشہ نیک نیتی کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے کام کیا ہے۔ ہم نے یہ خطے اور پوری انسانیت کے وسیع تر مفاد میں اس وقت کیا جب دنیا ایک بڑے سانحے کے انتہائی قریب پہنچ چکی تھی۔ آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ جنگ بندی سے ایک ایسا سازگار ماحول پیدا ہوگا جہاں مکالمے اور سیاسی حل کے لیے گنجائش نکلے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و سکیورٹی ہی معاشی استحکام کی ضمانت ہے۔ باہم جڑے ہوئے خطوں کے عوام کی فلاح و بہبود براہِ راست امن سے وابستہ ہے۔ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خطے میں تناؤ کا خاتمہ ضروری ہے۔
صدر زرداری نے امید ظاہر کی کہ یہ جنگ بندی محض عارضی وقفہ ثابت نہیں ہوگی بلکہ اس سے خطے میں ایک نئے اور پرامن دور کا آغاز ہوگا۔