پاکستان میں کرپشن کے خلاف عالمی دن کو یادگار بنانے کی تیاری

پاکستان میں کرپشن کے خلاف عالمی دن کو یادگار بنانے کی تیاری
کیپشن: فوٹو: فیس بک گروپ

کراچی: پاکستانیوں کیلئے کرپشن کے خلاف عالمی دن کو یادگار بنانے کی تیاری کر لی گئی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ”اینٹی کرپشن ڈے “ پر 50 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے عالمی اینٹی کرپشن ڈے پر 50 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو احکامات جاری کئے۔ تانبے اور نکل سے بنا 50 روپے مالیت کا یادگاری سکّہ 10 دسمبر کو جاری کیا جائے گا۔ سکے میں تانبے کا تناسب 75 فیصد اور نکل کا 25 فیصد ہے۔

بناوٹ کے اعتبار سے یادگاری سکے کا قطر 30 ملی میٹر اور وزن 13.5گرام ہے۔ سکے کے سامنے کے رخ پر بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے، اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ کندہ ہے۔ دائیں اور بائیں مالیت ”50“ اور اردو میں ”روپیہ“ لکھا ہے۔

سکے کے پچھلے رخ پر دائرے کی شکل میں بالائی طرف ”انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے“ اور زیریں جانب ”9 دسمبر“ انگریزی حروف میں کندہ ہے جبکہ پچھلے رخ کے وسط میں ”ہمارا ایمان، کرپشن فری پاکستان“ اردو حروف میں درج ہے۔