اسحاق ڈار کے گھر میں پناہ گاہ قائم کر دی گئی

اسحاق ڈار کے گھر میں پناہ گاہ قائم کر دی گئی
کیپشن: ضلعی انتظامیہ نے ہجویری ہاؤس کے 12 کمروں میں بیڈ لگوا دیے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گھر میں پناہ گاہ قائم کر دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایچ بلاک گلبرگ میں ہجویری ہاؤس کی نیلامی پر عدالت نے حکم امتناع جاری کیا تھا جس کے بعد گھر میں پناہ گاہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے ہجویری ہاؤس کے 12 کمروں میں بیڈ لگوا دیے اور رہائش گاہ کے باہر پناہ گاہ کا بورڈ بھی لگا دیا گیا۔اس حوالے سے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ ’اسحاق ڈار کی رہائش گاہ کی پناہ گاہ میں تبدیلی سال کی سب اچھی خبر ہے‘۔

27 جولائی 2019 کو سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا لاہور میں 4 کنال 17 مرلے کا گھر سیل کر دیا گیا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور ایل ڈی اے افسران نے پولیس کی سربراہی میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گھر کو سیل کیا۔

نیب نے احتساب عدالت میں درخواست جمع کراتے ہوئے استدعا کی تھی کہ اسحاق ڈار مفرور ہیں ان کی پاکستان میں موجود تمام جائیداد فروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔