گیس بحران:وزیر اعظم عمران خان نے ایم ڈیز کو برطرف کر دیا

گیس بحران:وزیر اعظم عمران خان نے ایم ڈیز کو برطرف کر دیا
کیپشن: Image Source: Facebook Official

اسلام آباد :وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانا ئی کا اہم اجلاس ہوا ،اجلاس میں گذشتہ دنوں میں پیش آنے والے گیس بحران کی انکوائری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی،وزیراعظم عمران خان نے سوئی سدرن( ایس ایس جی سی ) اور سوئی ناردرن کے منیجنگ ڈائریکٹر( ایم ڈیز) کو برطرف کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بجلی چوری کے خلاف مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کسی کی چوری یا بد انتظامی کا خمیازہ عوام کیوں بھگتیں،یہ ناقابل قبول ہے، آئندہ ایک ہفتے میں گیس کی کمی کو پورا کرنے کو یقینی بنایا جائے، مختلف شعبوں میں گیس کی طلب و استعمال اور تخمینوں سے متعلقہ مسائل کے مستقل حل کے لئے متعلقہ محکموں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر کیا جائے ۔

منگل کو وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیرِ پٹرولیم غلام سرور، وزیربرائے توانائی عمر ایوب، وزیرِ ریلوے شیخ رشید، وزیرِ منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیرِ برائے بحری امور علی حید زیدی و دیگر شریک تھے۔ وزیر اعظم کو ملک میں گیس کی طلب اور رسد کے حوالے سے موصول شکایات کے ازالے کے لئے کیے جانے والے اقدامات پرتفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ ایک ہفتے میں گیس کی کمی کو پورا کرنے کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں گیس کے شعبے میں ہونے والے نقصانات اور چوری کی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اس وقت سسٹم میں سے بارہ سے تیرہ فیصد گیس چوری ہو رہی ہے، گیس کے شعبے میں سالانہ نقصانات تقریبا پچاس ارب روپے سالانہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین ٹاسک فورس برائے انرجی کو وزیرِ پٹرولیم اور وزیرِ توانائی کی مشاور ت سے گیس کی طلب و رسد، اعدادو شمار کے تجزیوں اور تخمینوں کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل کے حل کے لئے مربوط نظام وضع کرنیکی ہدایت کی۔