ملک بھر میں سال 2024 کی پہلی پولیو مہم کا آغاز

ملک بھر میں سال 2024 کی پہلی پولیو مہم کا آغاز
سورس: file

اسلام آباد: ملک بھر میں سال 2024 کی پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا۔ 

محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں مختلف دورانیے کی 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ مہم کے دوران محکمہ صحت کی پولیو ٹیمیں ملک کے تمام 159 اضلاع میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائیں گی۔

ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے دوران 2 کروڑ 25 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائیں گے، محکمہ صحت نے اس حوالے سے لاہور، فیصل آباد اور ملتان کو حساس ترین شہر قرار دیا ہے۔

صوبہ سندھ میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم 8 سے 14 جنوری تک جاری رہے گی، صوبے کے 30 اضلاع میں ایک کروڑ سے زائد بچوں کوپولیو وائرس سے بچاوکے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیومہم پر37 ہزار سے زائد ویکسی نیشن ٹیموں کی حفاظت پر 4 ہزار 225 سیکیورٹی اہلکار مامور ہوں گے ۔

نگراں وزیرصحت کا کہنا تھا کہ سندھ 28 مقامات سے حاصل کردہ ماحولیاتی نمونوں میں 11 میں پولیو وائرس پایاگیا۔ گزشتہ برس کراچی کی یوسی گجرو ضلع شرقی کے دوبچوں میں پولیووائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ترجمان وزیر صحت نے بتایا کہ بلوچستان میں ایک ہفتے تک جاری مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 2.5 ملین سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔اسی طرح گلگت بلتستان میں 5 روزہ مہم کے دوران 2 لاکھ پچاس ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

مصنف کے بارے میں