لاہور:پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید دھند نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے ہیں۔ حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشنز کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے ایم ٹو لاہور سے بلکسر تک شدید دھند کے باعث بند ہے، جبکہ موٹروے ایم تھری فیض پور سے رجانہ تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک دھند کے باعث بند ہے۔ موٹروے ایم فائیو پر ملتان سے روہڑی تک گاڑیوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔
قومی شاہراہ پر لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، کسوال اور اقبال نگر میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند کے باعث ٹریفک متاثر ہے۔ سندھ میں احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ، اقبال نگر، رحیم یار خان اور صادق آباد میں دھند کی صورتحال برقرار ہے۔
دھند کے باعث پتوکی اور جیکب آباد میں ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سات افراد شدید زخمی ہو گئے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔