لاہور:ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے، جبکہ کئی اہم موٹرویز پر ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند ہے، جبکہ موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ایم تھری فیض پور سے درخانہ، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ، ایم فائیو شیر شاہ سے سکھر اور ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک شدید دھند کے باعث بند ہے۔
پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال اور کسوال میں دھند کی شدت زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند کا راج ہے۔
لاہور شہر میں بھی دھند کے باعث روزمرہ معمولات متاثر ہو رہے ہیں۔
دھند کے اثرات فضائی آپریشن پر بھی پڑے ہیں، فلائٹ شیڈول جزوی طور پر متاثر ہوا ہے، جبکہ بیرونِ ملک جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور انتہائی احتیاط کے ساتھ ڈرائیونگ کی ہدایت کی ہے۔