پانچ منٹ کال کے بعد 75 پیسے ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، سید امین الحق

پانچ منٹ کال کے بعد 75 پیسے ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، سید امین الحق
کیپشن: پانچ منٹ کال کے بعد پر 75 پیسے ٹیکس کا نفاذ نہیں ہو گا، سید امین الحق
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے عوام کو خوشخبری سُناتے ہوئے کہا پانچ منٹ کال کے بعد 75 پیسے ٹیکس کے نفاذ کو ختم کر دیا جائے گا۔ 

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا وفاقی حکومت نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جنوبی پنجاب کے لئے پسماندہ اضلاع کے عوام کو تیز ترین فور جی موبائل انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کے لئے ساڑھے 6 ارب روپے کے منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے۔

امین الحق نے کہا کہ ملتان اور خانیوال سے ملحقہ دیہاتوں کو ہائی سپیڈ براڈ بینڈ سروس کی فراہمی کے لئے یونیورسل سروسز فنڈ اور جاز موبائل کمپنی کے مابین معاہدہ پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔ اضافی سپیکٹرم کی نیلامی کا عمل آئندہ ماہ مکمل ہو جائے گا جس سے سرکاری خزانے میں اربوں روپے جمع ہوں گے اور ملک میں 2022ء تک فائیو جی کی سہولت دستیاب ہو جائے گی  

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکرٹری آئی ٹی ہر دو ماہ بعد اس ٹیکنالوجی کے لئے باقاعدہ اجلاس منعقد کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق 2023ء میں پارلیمنٹ کو ڈیجیٹل کرتے ہوئے پیپر لیس بنا دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ صرف جنوبی پنجاب کیلئے براڈ بینڈ سروسز کے 6 اور آپٹیکل فائبر کے 3 منصوبوں پر مجموعی طور پر 6 ارب 47 کروڑ روپے خرچ کر رہے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے 38 لاکھ افراد کو ہائی سپیڈ موبائل براڈ بینڈ اور تقریباً 2 ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے کو فائبر آپٹیکل کیبل سے منسلک کر دیا جائے گا۔

سید امین الحق کے مطابق ان منصوبوں کے تحت 846 گاؤں اور دیہاتوں میں مقیم تقریباً 26 لاکھ افراد مستفید ہوں گے ان منصوبوں پر 50 سے 75 فیصد تک کام مکمل کیا جا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے 4 اضلاع ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفرگڑھ اور راجن پور میں ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے 2 منصوبوں پر ایک ارب 14 کروڑ 12 لاکھ روپے جبکہ آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے 3 منصوبوں پر 4 ارب 47 کروڑ روپے خرچ کررہے ہیں۔