کراچی: ڈیفنس فیز 6 کے علاقے اتحاد کمرشل میں واقع فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی دن پرانی لاش مل گئی ہے۔
پولیس کے مطابق آج سہ پہر تقریباً ساڑھے تین بجے عدالت کے حکم پر فلیٹ خالی کروانے کے لیے پہنچے تو دروازہ بند تھا۔ دروازہ کھولنے کی کوشش پر ناکامی کے بعد پولیس نے دروازہ توڑ کر اندر کا معائنہ کیا، جہاں زمین پر ایک خاتون کی لاش پڑی ہوئی تھی۔ فلیٹ سے شواہد اکٹھے کیے گئے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ تقریباً سات سال سے اس فلیٹ میں رہائش پذیر تھیں اور عموماً اکیلی رہتی تھیں۔ فلیٹ کے مالک نے کرائے کے حوالے سے عدالت میں کیس دائر کیا ہوا تھا اور آج عدالتی حکم پر جب بیلف پہنچا تو لاش برآمد ہوئی۔
ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا ہے کہ لاش تقریباً 15 سے 20 دن پرانی ہے۔ موت کی اصل وجوہات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کا کہنا ہے کہ لاش مسخ شدہ حالت میں اسپتال لائی گئی ہے، اور موت کی وجوہات جاننے کے لیے ضروری نمونے اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ پوسٹ مارٹم کے نتائج آنے کے بعد ہی مکمل حقائق واضح ہوں گے۔