اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی صدر آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومتی وفد نے ایوان صدر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
ایوان صدر آمد پر صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، جبکہ پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ ملاقات میں وفاقی بجٹ سمیت اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بجٹ سے متعلق بیشتر تجاویز پر اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نے بجٹ کی منظوری کے لیے “گرین سگنل” بھی دے دیا ہے۔ تاہم بعض نکات پر مزید پیش رفت کے لیے تکنیکی کمیٹیاں مشاورت جاری رکھیں گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان انتخابات میں کامیابی پر صدر آصف زرداری کو مبارکباد دی اور مسکراتے ہوئے کہا کہ “نوجوان بلاول نے ہم سے بہتر انتخابی مہم چلائی۔” اس پر صدر زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ “آخر بیٹا کس کا ہے!”
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر بھی اس ملاقات میں شریک تھے، جہاں آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔