Get Alerts

حکومت اور پیپلز پارٹی میں بجٹ پر ڈیڈ لاک ختم، معاشی چیلنجز پر مل کر چلنے اور تجاویز پر وسیع اتفاق رائے

حکومت اور پیپلز پارٹی میں بجٹ پر ڈیڈ لاک ختم، معاشی چیلنجز پر مل کر چلنے اور تجاویز پر وسیع اتفاق رائے

اسلام آباد :حکومت اور اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے جاری مشاورت حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہے اور دونوں جماعتوں کے مابین بیشتر اہم تجاویز پر اصولی اتفاقِ رائے ہو گیا ہے۔
نمائندہ نیونیوز اسلام آباد  جاوید نور کا کہنا ہے کہ  ذرائع کے مطابق دونوں جانب سے ملکی وسائل اور موجودہ کٹھن معاشی چیلنجز کا گہرا ادراک کرتے ہوئے ایک دوسرے کے لیے سیاسی اور مالیاتی گنجائش پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے بجٹ پاس کرانے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔
بجٹ کے چند تیکنیکی اور پیچیدہ نکات پر کام تاحال جاری ہے، جس کے لیے دونوں جماعتوں کی تیکنیکی کمیٹیاں تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں تاکہ بجٹ دستاویز کو حتمی شکل دی جا سکے۔ذرائع کے مطابق اس دوران وزیراعظم میاں شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے مابین ہونے والی ملاقات کا ماحول انتہائی خوشگوار رہا۔ وزیراعظم نے حال ہی میں مکمل ہونے والے گلگت بلتستان کے اسمبلی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر صدر آصف زرداری کو مبارکباد پیش کی۔
 وزیراعظم نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی اور انتخابی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زبردست انداز میں انتخابی مہم چلائی اور اچھے نتائج کے ساتھ سامنے آئے۔ اس تعریف پر صدر آصف علی زرداری نے روایتی مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا کہ "آخر وہ بیٹا میرا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اعلیٰ سطح کی بیٹھک میں بجٹ امور کے ساتھ ساتھ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور مستقبل میں بھی ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ٹیگز: