Get Alerts

اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی کو سپر ایپ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی کو سپر ایپ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

کیلیفورنیا: اوپن اے آئی اپنی مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کو ایک مکمل “سپر ایپ” میں تبدیل کرنے پر کام کر رہی ہے، جس میں کوڈنگ ٹولز اور اے آئی ایجنٹس شامل کیے جائیں گے۔

فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسٹاک مارکیٹ میں ممکنہ پیش رفت سے قبل کمپنی کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اوپن اے آئی اپنی اندرونی حکمت عملی میں بڑی تبدیلیاں کرے گی اور زیادہ توجہ بڑے کارپوریٹ کلائنٹس کے حصول پر مرکوز کرے گی، جبکہ حریف کمپنی اینتھروپک کے ساتھ مقابلہ بھی مزید تیز کیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس تبدیلی کے نتیجے میں اوپن اے آئی کی کوڈنگ پراڈکٹ “کوڈیکس” کو مزید وسائل اور بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اسی طرح چیٹ جی پی ٹی کے انٹرفیس کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا اور نئے فیچرز و پروموشنز شامل کیے جائیں گے، جن کا مقصد صارفین کو کوڈنگ ٹولز، امیج جنریشن اور تھرڈ پارٹی سروسز جیسے کینوا وغیرہ کی جانب متوجہ کرنا ہوگا۔

کمپنی کا اندازہ ہے کہ اس سال کے آخر تک اس کی آمدنی میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے، جس کی بڑی وجہ کوڈیکس کے ماہانہ ادائیگی کرنے والے صارفین ہوں گے۔

واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کے ماہانہ صارفین کی تعداد تقریباً ایک ارب تک پہنچ چکی ہے، جن میں سے تقریباً 5 کروڑ صارفین باقاعدگی سے سبسکرپشن فیس ادا کرتے ہیں۔
 

ٹیگز: