اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) پر مبنی تعلیم اور ہنر سیکھنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، جس کے پیشِ نظر حکومت نے اے آئی کی تعلیم کو نصاب میں شامل کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ آج کے نوجوان فری لانسنگ اور دیگر سوشل پلیٹ فارمز کو مثبت انداز میں استعمال کر کے اپنے پاؤں پر کھڑے ہو رہے ہیں اور ملک کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی آئی ٹی برآمدات میں حالیہ مسلسل اضافہ اس بات کا عکاس ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ اور سرمایہ کاروں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد مضبوط ہوا ہے۔ حکومت نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے اور انہیں جدید ترین مہارتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔