چوہدری اسلم شہید کے گھر پر بم حملے میں انکا گن مین ملوث تھا

چوہدری اسلم شہید کے گھر پر بم حملے میں انکا گن مین ملوث تھا

کراچی: کراچی میں دہشت گردوں کے لیے خوف کی علامت ایس ایس پی چوہدری اسلم شہید کے گھر پر بم حملے سے متعلق سنسنی خیز انکشافات سامنے آ گئے۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی سول لائن کے ہاتھوں مہران ٹاون میں مقابلے کے بعد گرفتار چار دہشت گردوں سید حسان علی، ظفر علی عرف سائیں، قاری محمدجاوید اور وزیر اعلی نے انکشاف کیا ہے کہ چوہدری اسلم کے گھر پر خودکش حملے میں انکا قریبی گن مین پولیس اہلکار کامران ملوث تھا۔ کامران محکمہ پولیس میں بھرتی سے پہلے کالعدم جماعت سے وابستہ تھا اور اسکے کالعدم جماعت کے نعیم بخاری کے ساتھیوں عمران عرف موٹا اور دلدار عرف دلاور سے رابطے تھے۔

سی ٹی ڈی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم کے گھر پر حملے سے پہلے پولیس اہلکار کامران نے دہشت گردوں کو گھر کی مکمل ریکی کروائی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کامران چوہدری اسلم کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شامل تھا۔ کامران گھر اور آفس میں چوہدری اسلم کے ساتھ رہتا اورانکا راز دان بھی تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق چوہدری اسلم پر ہونے والا دوسرا حملہ خودکش نہیں تھا بلکہ بم ان کی گاڑی میں پلانٹ کیا گیا تھا ۔  اس حملے میں  گن مین کامران بھی ملوث تھا ۔ اس حملے میں چودھری اسلم شہید ہو گئے تھے جبکہ کامران بھی ہلاک ہو گیا ۔ 

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مہران ٹاون مقابلے میں ایک دہشت گرد دلدار عرف دلاور مارا گیا تھا اور عمران عرف موٹا کو چوہدری اسلم کے گھر پر حملے کے بعد حساس ادارے نے گرفتار کیا تھا تاہم وہ ضمانت پر رہا ہو گیا تھا اور چند روز بعد نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مارا گیا۔ چوہدری اسلم کا گن مین کامران دہشت گرد عمران عرف موٹا کے ذریعے نعیم بخاری سے رابطے میں تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں