تہران: ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران نے اپنی دفاعی کارروائیوں میں امریکی اور اسرائیلی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے اور خطے کے دیگر ممالک کو اس کو دشمنی کے طور پر نہ دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق 28 فروری 2026 سے شروع ہونے والی امریکی اور اسرائیلی جارحیت ایرانی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے اور حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شہید ہوئے۔ بیان میں کہا گیا کہ حملوں میں فوجی اور شہری انفراسٹرکچر، سکول، ہسپتال اور رہائشی علاقے بھی نشانہ بنائے گئے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت دفاع کا قانونی حق استعمال کیا گیا ہے اور ایرانی مسلح افواج جارحیت کے خاتمے تک دفاعی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ وزارت نے مزید کہا کہ ایرانی جوابی حملوں میں صرف امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار ہیں۔