لاہور : بھارت کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کی کوششیں جاری ہیں، جن کے جواب میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بھارتی جاسوس اور حملہ آور ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا ہے۔ ان میں سے بیشتر ڈرونز اسرائیلی ساختہ بتائے جا رہے ہیں، جنہیں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سرحد پار سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔

لاہور میں والٹن روڈ کے قریب سکیورٹی اداروں نے بھارت کے ایک اہم حملے کو ناکام بناتے ہوئے چار ڈرونز کو تباہ کر دیا، جن میں سے ایک حساس ادارے کے دفتر کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کا کنٹرول سسٹم جام کر دیا، جس سے حملے کو ناکام بنایا جا سکا۔ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم عمارت کو جزوی نقصان ضرور پہنچا۔

اسی طرح راولپنڈی، چکوال، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، گجرات، کھاریاں، بہاولپور، شیخوپورہ اور کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بھارتی ڈرونز گرائے گئے۔ شیخوپورہ میں پاکستان ایئرفورس نے دو ڈرونز کو تباہ کیا جبکہ کراچی کے ملیر اور گلشن اقبال میں گرنے والے ڈرونز سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تاہم سندھ کے ضلع گھوٹکی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ڈرون گرنے سے مختیار نامی ایک کسان جاں بحق جبکہ اس کا والد زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد فوجی اور سول ادارے موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات جاری ہیں۔ گھوٹکی پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ علاقہ سرحد کے بالکل قریب واقع ہے۔

یہ تمام واقعات بھارت کی مسلسل جارحیت اور اشتعال انگیزی کا ثبوت ہیں۔ یاد رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کے بعد بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے شہری علاقوں پر حملے کر کے عملی طور پر جنگ کی فضا پیدا کی تھی۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی اقدامات کرتے ہوئے دشمن کی دراندازی کو ہر محاذ پر ناکام بنایا ہے، اور ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔