کراچی: صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ’معرکہِ حق‘ میں پاکستان نے چند دنوں کے اندر اپنے سے بڑی فوج اور معیشت کو عبرتناک شکست دے کر بھارت کا عالمی امیج تباہ کر دیا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی کراچی کے تحت سی ویو پر معرکہِ حق کا عظیم الشان جشن منایا جائے گا جس میں ملک کے نامور فنکار پرفارم کریں گے۔
سعید غنی نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہماری فضائیہ نے محض چند گھنٹوں میں بھارت کے 8 جنگی جہاز گرائے، جن میں 4 جدید ترین رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ بھارت کا ناقابلِ تسخیر سمجھا جانے والا ایئر ڈیفنس سسٹم جام کر کے تباہ کر دیا گیا۔
شکست کے خوف سے بوکھلا کر بھارت نے امریکہ کے ذریعے جنگ رکوانے کے لیے منتیں کیں۔صوبائی وزیر نے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا بلاول بھٹو نے عالمی فورمز پر پاکستان کا موقف انتہائی جرات سے پیش کیا اور بھارتی میڈیا کو انٹرویو کا چیلنج دے کر ان کی بولتی بند کر دی۔
بھارتی قیادت اپنے ہی میڈیا کا سامنا کرنے سے کتراتی رہی، جبکہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی آزادانہ انکوائری کا مطالبہ کر کے بھارت کو بے نقاب کیا۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ پوری دنیا کے سامنے آ چکا ہے، تاہم اس جنگ نے مودی کا تکبر توڑ دیا ہے اور اب وہ بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر آگے بڑھنا ناممکن سمجھنے لگے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کراچی میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں کہیں نہ کہیں بھارت کا کردار ضرور ہوتا ہے۔
سی ویو پر ہونے والے پروگرام کے حوالے سے انہوں نے بتایا شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، اس لیے ہم نے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ڈی سی اور سی بی سی سے باقاعدہ اجازت لے لی ہے۔ یہ کسی ایک پارٹی کا نہیں بلکہ پوری قوم کا پروگرام ہے جس سے کسی کے جان و مال کو نقصان نہیں پہنچے گا۔