اسلام آباد : پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں ہوں گے، الیکشن کمیشن نے پنجاب بلدیاتی انتخابات کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کے خلاف کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے صوبے میں بلدیاتی انتخابات دسمبر 2025 کے آخری ہفتے میں کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری چھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور اراکین نثار درانی، شاہ محمد جتوئی اور بابر حسن بھروانہ نے تحریر کیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں حلقہ بندیوں کا عمل 9 اکتوبر (کل) سے شروع کیا جائے اور اسے دو ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔
فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن 2022 کے بلدیاتی حکومت کے قانون کے تحت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرائے گا۔
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیے کہ “پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونا صرف الیکشن کمیشن نہیں بلکہ مختلف حکومتوں کے لیے باعثِ شرمندگی ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی تمام حکومتوں نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی، اب وقت آ گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے انتخابات کا شیڈول دے۔
الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے پانچ مرتبہ مقامی حکومت کے قوانین تبدیل کیے اور اب چھٹی مرتبہ ترمیم کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے انتخابات مؤخر ہوتے رہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں بارہا رکاوٹ ڈالی، حالانکہ صوبے کی مقامی حکومت کی مدت 31 دسمبر 2021 کو ختم ہو چکی ہے۔
پنجاب حکومت کے نمائندوں نے مؤقف اختیار کیا کہ قائمہ کمیٹی نے نیا قانون منظور کر لیا تھا لیکن سیلاب اور اسمبلی اجلاس نہ ہونے کے باعث اس کی منظوری میں تاخیر ہوئی۔ الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ پنجاب حکومت مزید تاخیر کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 2022 کا بلدیاتی حکومت کا قانون تاحال مؤثر ہے، اس لیے اسی قانون کے تحت حلقہ بندیاں اور انتخابات کرائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر 2025 کے آخری ہفتے میں ہوں گے اور حلقہ بندیوں کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے۔