پشاور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کی جگہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر کرنے کا امکان ہے، جو اس وقت صوبے کے وزیر برائے ہائر ایجوکیشن کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے ذمہ داران نے اس حوالے سے تاحال کوئی سرکاری تردید یا تصدیق نہیں کی، تاہم سابقہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وکیل رائے سلیمان نے ان کی تبدیلی کی تصدیق کی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں علی امین گنڈاپور اور عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے درمیان الزام تراشی بھی ہوئی تھی، جبکہ عمران خان نے صوبے کی حکومتی اور پارٹی معاملات پر تحفظات کا بھی اظہار کیا تھا۔