پشاور: خیبرپختونخوا کے ممکنہ نئے وزیراعلیٰ کے طور پر سامنے آنے والے سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔ وہ 2024 کے عام انتخابات میں پہلی بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، تاہم ان کی سیاسی سرگرمیاں اس سے کہیں پرانی ہیں۔
سہیل آفریدی نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ISF) سے کیا، جہاں وہ طویل عرصے تک خیبرپختونخوا کے صدر رہے۔ پارٹی کے اندر ان کی تنظیمی صلاحیتوں کو سراہا گیا اور وہ جلد ہی مرکزی قیادت کے قریب آ گئے۔
موجودہ حکومت میں سہیل آفریدی کو پہلے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس مقرر کیا گیا، جس کے بعد کابینہ میں رد و بدل کے بعد انہیں وزیر برائے ہائر ایجوکیشن کا قلمدان سونپا گیا۔ وہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی کو خیبرپختونخوا میں قیادت کی تبدیلی کے تناظر میں مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے، اور جلد ہی ان کی بطور وزیراعلیٰ تقرری کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔