پاکستان جونیئر لیگ کی چھ ٹیموں نے دنیا بھر سے انڈر 19 اسٹارز کا انتخاب کرلیا

پاکستان جونیئر لیگ کی چھ ٹیموں نے دنیا بھر سے انڈر 19 اسٹارز کا انتخاب کرلیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان جونیئر لیگ کی چھ ٹیموں نے آج لاہور میں منعقدہ پلیئر ڈرافٹ میں پاکستان اور دنیا بھر سے انڈر 19 اسٹارز کا انتخاب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق مجموعی طور پر 66 پاکستانی اور 24 غیر ملکی کرکٹرز کو بہاولپور رائلز، گوجرانوالہ جائنٹس، گوادر شارک، حیدر آباد ہنٹرز، مردان واریئرز اور راولپنڈی رائڈرز کے کوچز نے چنا۔ڈرافٹ ریگولیشنز کے حصے کے طور پر، چھ اسکواڈ میں سے ہر ایک میں 15 کھلاڑی شامل ہیں ۔

ٹیموں نے ایلیٹ میں چار، پریمیئر میں پانچ اور ایکس فیکٹر کیٹیگریز میں چھ کھلاڑی منتخب کیے ہیں۔پاکستان کے علاوہ کل 9 کرکٹ بورڈز کے کھلاڑی پی جے ایل  میں نمائندگی کریں گے جو 6 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں چلے گی۔سنگل لیگ فارمیٹ ٹورنامنٹ میں انیس میچز بشمول پلے آف اور فائنل کھیلے جائیں گے۔

قومی U19 سرکٹ کے اسٹار زعبید شاہد، عزیر ممتاز، شمئل حسین، سعد بیگ، عباس علی اور حبیب اللہ کو بالترتیب بہاولپور، گوجرانوالہ، گوادر، حیدرآباد، مردان اور راولپنڈی کا کپتان مقرر کیا گیا۔

ناتھن ایڈورڈز (ویسٹ انڈیز)، ٹام اسپن وال (انگلینڈ)، دانیال ابراہیم (انگلینڈ)، جوزف ایکلینڈ (انگلینڈ)، عیسی تھرون (ویسٹ انڈیز)، آرچی لینہم (انگلینڈ)، جارج تھامس (انگلینڈ) اور حسن عیسیٰ خیل (افغانستان)کا ایلیٹ کیٹیگری میں غیر ملکی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔

ڈرافٹ کے آخری راؤنڈ میں، چھ فریقوں نے آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ممبران میں سے ایک ایک کھلاڑی کا انتخاب کیا۔ کھلاڑیوں میں  گیبریل گیلمین فائنڈلے (اسکاٹ لینڈ)، میتھیو ٹرامپ (امریکہ)، کشال مالا (نیپال)، علی نصیر (یو اے ای)، برہان نیاز (بیلجیم) اور چارلی ٹیئر (اسکاٹ لینڈ) شامل ہیں۔

پی جے ایل کے لیے منتخب کردہ مقامی کھلاڑی پی سی بی پاتھ وے پروگرام کے تحت نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں جاری کیمپ کو جاری رکھیں گے۔ستمبر کے آخری ہفتے میں ایونٹ کی سپورٹ پیریڈ شروع ہونے پر یہ کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں میں شامل ہو جائیں گے۔

غیر ملکی کھلاڑی ٹورنامنٹ کے آغاز سے ایک ہفتہ قبل لاہور پہنچ جائیں گے۔ان کے موجودہ سپورٹ اسٹاف کے ساتھ چھ اسکواڈ ذیل میں دستیاب ہیں، پی سی بی بقیہ معاون عملے کی تقرریوں کی تصدیق وقت پر کرے گا۔