Get Alerts

’’آپریشن دوارکا‘‘ پاک بحریہ کی تاریخ کا درخشندہ باب ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

 ’’آپریشن دوارکا‘‘ پاک بحریہ کی تاریخ کا درخشندہ باب ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم بحریہ کے موقع پر کہا ہے کہ جنگِ ستمبر میں ’’آپریشن دوارکا‘‘ پاکستان کی بحری تاریخ کا ایک تابناک باب ہے، جب پاک بحریہ نے اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں سے سمندری سرحدوں کا کامیاب دفاع کیا اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ 8 ستمبر پاک بحریہ کے ان بہادر جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سمندری محاذ پر دشمن کو شکست دی۔ انہوں نے بتایا کہ 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ نے دشمن کے غرور کو سمندر میں ڈبو دیا اور ’’آپریشن دوارکا‘‘ کے ذریعے دشمن کی ساحلی تنصیبات کو تباہ کر کے کراچی پر حملے کے منصوبے کو ناکام بنایا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ آج کی پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی، جدید میزائل سسٹمز اور خود انحصاری کی بدولت ایک مضبوط اور مؤثر بحری قوت کے طور پر ابھری ہے۔ عالمی سطح پر بحری مشقوں میں شمولیت اور علاقائی سکیورٹی میں قائدانہ کردار پاک بحریہ کی عظمت کا ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے سمندری محافظوں پر فخر ہے جو اپنی مہارت اور جذبے سے ملک کی بحری سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنا چکے ہیں، اور پاک بحریہ 8 ستمبر 1965 کے جذبے کو زندہ رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ٹیگز: