Get Alerts

پنجاب میں سیلاب کی صورتحال تشویشناک، حکومت کا بڑا ریلیف پیکج تیار: عظمیٰ بخاری

پنجاب میں سیلاب کی صورتحال تشویشناک، حکومت کا بڑا ریلیف پیکج تیار: عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے میں سیلابی صورتحال دن بہ دن بگڑ رہی ہے، خصوصاً جنوبی پنجاب کے کئی علاقے شدید متاثر ہو چکے ہیں جبکہ مسلسل بارشوں نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم حکومت نے اس بڑے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مثالی اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اب تک 60 افراد سیلاب کی نذر ہو چکے ہیں، 4,335 دیہات زیر آب آ چکے ہیں اور 42 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ زرعی شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، جہاں 18 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ متاثر ہونے سے دالیں اور سبزیاں مہنگی ہو گئی ہیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق 21 لاکھ افراد اور 15.5 لاکھ مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف جلد ہی سیلاب متاثرین کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں اب ڈینگی مچھر کا بھی خطرہ بڑھ گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے فیومیگیشن (جراثیم کش اسپرے) کرایا جا رہا ہے، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

انہوں نے عوام کو تنبیہ کی کہ سیلاب کوئی تفریح یا تماشا نہیں، بعض لوگ سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنا کر پانی میں مستیاں کر رہے ہیں، جو خطرناک بھی ہے اور غیر ذمہ دارانہ رویہ بھی۔ ان کا کہنا تھا کہ "پانی کا بہاؤ تیز ہے، احتیاط نہ کی گئی تو جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔"

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ خان بیلا اور جلال پور سمیت بعض علاقوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جہاں پانی اترنا شروع ہوا ہے، وہاں انتظامیہ کی اجازت کے بغیر داخل نہ ہوں۔

ٹیگز: