Get Alerts

پنجاب میں سیلابی صورتحال تشویشناک، 26 اضلاع متاثر، ملتان میں 48 گھنٹے تک خطرہ برقرار: ڈی جی پی ڈی ایم اے

پنجاب میں سیلابی صورتحال تشویشناک، 26 اضلاع متاثر، ملتان میں 48 گھنٹے تک خطرہ برقرار: ڈی جی پی ڈی ایم اے

لاہور : ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں جاری شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جس سے اب تک 26 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان میں آئندہ 48 گھنٹوں تک ہائی رسک برقرار رہے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹے مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث ریسکیو آپریشنز میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات شہر آئندہ چند گھنٹوں میں اربن فلڈنگ سے مکمل طور پر کلیئر ہو جائے گا، جبکہ شہر کی تمام شاہراہیں کھول دی گئی ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ اب تک سیلابی صورتحال کے باعث دیہی علاقوں میں 9 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جب کہ پنجاب بھر میں 61 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ الرٹ رہیں اور ہدایات پر عمل کریں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

ٹیگز: