Get Alerts

یومِ بحریہ: صدر اور وزیراعظم کا پاک بحریہ کی شجاعت و قربانیوں کو خراجِ تحسین

یومِ بحریہ: صدر اور وزیراعظم کا پاک بحریہ کی شجاعت و قربانیوں کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

 صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپریشن سومناتھ پاک بحریہ کی شاندار تاریخ کی یاد دلاتا ہے۔ 7 اور 8 ستمبر 1965ء کی شب کیا گیا آپریشن سومناتھ بہادری، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی علامت تھا۔

 آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مسلسل جدید بنا رہی ہے۔ ملکی دفاع اور سمندری حدود کے تحفظ میں پاک بحریہ کا کردار قابلِ فخر ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 8 ستمبر پاک بحریہ کے عزم، شجاعت اور ثابت قدمی کی یاد تازہ کرنے والا قابلِ فخر اور ولولہ انگیز دن ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اسی روز پاک بحریہ نے بھارتی بحری تنصیب دوارکا کے خلاف تاریخی آپریشن ’’سومناتھ‘‘ کامیابی سے انجام دیا۔ پاک بحریہ کے جوانوں نے جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی دفاع کی تاریخ میں ایک روشن باب رقم کیا۔

 وزیراعظم نے پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

ٹیگز: